تاثیر 29 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور، (نزہت جہاں)
شہر کو عالمی سطح کی پہچان دلانے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بوڑھی گنڈک ندی کے کنارے رِور فرنٹ کی تعمیر کا منصوبہ اب تیزی پکڑ رہا ہے۔ گجرات کے سابرمتی رِور فرنٹ اور پٹنہ گنگا رِور فرنٹ کی طرز پر مجوزہ اس اہم پروجیکٹ کے سلسلے میں منگل کو ورلڈ بینک کی ماہرین ٹیم مظفرپور پہنچی اور مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ ماہرین کی ٹیم نے اسمارٹ سٹی منصوبہ کے تحت تیار سکندرپور لیک فرنٹ کے ساتھ ساتھ بوڑھی گنڈک کے کنارے مجوزہ رِور فرنٹ علاقے کا جائزہ لیا۔ اس دوران ٹیم نے شہری ڈھانچے، ماحولیاتی پہلوؤں اور پروجیکٹ کی افادیت پر میونسپل کارپوریشن کے افسران کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ اس منصوبے کو شہر کی مجموعی ترقی کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ مجوزہ رِور فرنٹ میں واک وے، سرسبز علاقے، سٹی پارک، بیٹھنے کی جدید سہولت، خوبصورت لائٹنگ اور تفریحی انتظامات کو شامل کیا جائے گا۔ اس سے ایک طرف شہریوں کو معیاری عوامی مقام میسر آئے گا، تو دوسری جانب سیاحت کو بھی فروغ ملنے کی امید ہے۔ ذرائع کے مطابق بہار حکومت اس پروجیکٹ کے لیے ورلڈ بینک سے مالی تعاون حاصل کرنے کی تیاری میں ہے۔ میونسپل کمشنر و منیجنگ ڈائریکٹر رتوراج پرتاپ سنگھ نے ماہرین ٹیم کے سامنے ماسٹر پلان پیش کیا۔ افسران کا کہنا ہے کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹس میں پیش رفت کے سبب مظفرپور اس دوڑ میں مضبوط پوزیشن میں ہے۔

