مولانا توصیف رضا کے واقعہ کو لے کر وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کریں گے: ماسٹر مجاہد عالم

تاثیر 30 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج کے مولانا توصیف رضا کی بریلی میں مشتبہ موت پر غصہ، کارروائی کا مطالبہ تیز۔
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
ضلع کشن گنج کے ٹھاکرگنج بلاک کے رہائشی مولانا توصیف رضا کی بریلی میں مشتبہ حالات میں ہوئی موت نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اسی سلسلے میں جمعرات کو سابق رکنِ اسمبلی ماسٹر مجاہد عالم متاثرہ خاندان سے ملنے ان کے باکھوٹولی گاؤں پہنچے اور اہلِ خانہ کو تعزیت پیش کی۔ سابق رکنِ اسمبلی نے اس معاملے میں جائے وقوعہ کے مقامی تھانہ انچارج اور دیگر افسران سے بات چیت کر واقعہ سے متعلق مکمل معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس سنگین معاملے کو لے کر وہ پٹنہ جا کر وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کریں گے اور مجرموں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب مسٹر مجاہد عالم نے ابوالحیات، ریٹائرڈ ریلوے کے سینئر افسر سے بھی فون پر بات کر توصیف رضا کے اہلِ خانہ کو معاوضہ دلانے کے لیے آئندہ کی کارروائی پر تبادلۂ خیال کیا۔ اہلِ خانہ اور مقامی لوگوں نے غیر جانبدارانہ جانچ اور مجرموں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ مرحوم کو انصاف مل سکے اور آئندہ اس طرح کے واقعات کی تکرار نہ ہو۔ موصولہ معلومات کے مطابق مولانا توصیف رضا اتر پردیش کے امروہہ میں امامت کرتے تھے اور حال ہی میں ایک عرس پروگرام سے واپس آ رہے تھے۔ اسی دوران ٹرین کے سفر کے دوران کچھ نامعلوم افراد سے ان کا جھگڑا ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جھگڑے کے دوران ان کے ساتھ دھکا مُکی اور سامان چھیننے کی کوشش کی گئی۔ صورتحال بگڑنے پر ان کا موبائل فون بھی بند ہو گیا۔ بعد میں اتر پردیش کے بریلی کینٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک کے کنارے ان کی لاش مشتبہ حالت میں برآمد ہوئی۔
اس واقعہ نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب مولانا کی اپنی اہلیہ سے ہونے والی آخری فون گفتگو کی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اس آڈیو میں وہ مدد کی فریاد کرتے ہوئے سنے جا رہے ہیں۔ واقعہ کے وقت ٹرین میں موجود دیگر مسافروں کی جانب سے کوئی مدد نہ کیے جانے کی بات بھی سامنے آ رہی ہے، جس سے لوگوں میں غصہ مزید بڑھ گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں اور اہلِ خانہ میں شدید ناراضگی پھیل گئی۔ انصاف کے مطالبے کو لے کر علاقے میں مسلسل آواز اٹھائی جا رہی ہے۔