کولکاتا سمیت جنوبی بنگال میں بارش، درجہ حرارت میں گراوٹ

تاثیر 30 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 30 اپریل: بدھ کے بعد جمعرات کو بھی بنگال مطلع ابر آلود رہا۔ کولکاتا اور آس پاس کے اضلاع میںدرمیان میں دھوپ نکلنے کے باوجود لوگوں کو گرمی اور حبس سے کچھ راحت ملی۔ پیشی گوئی کے مطابق، کولکاتا سمیت کئی اضلاع میں چھٹپٹبارش ہوئی۔ بدھ کی رات جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے کچھ حصوں میں شدید بارش درج کی گئی۔
بارش سے درجہ حرارت میں اچانک کمی آگئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ جمعرات کی صبح کولکاتا کا کم سے کم درجہ حرارت 20.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 5.8 ڈگری کم ہے۔ کولکاتا میں بیساکھ کے مہینے میں بھی ریکارڈ بارش درج کی گئی ہے۔ بدھ کی شام سے آدھی رات تک شہر میں 54 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے علی پورمرکز نے بتایا کہ جنوبی بنگال کے مختلف اضلاع میں اگلے چند دنوں تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے، حالانکہ تمام اضلاع میںیکساں طور پر بارش نہیں ہوگی۔ جنوبی 24 پرگنہ اور مغربی میدینی پور میں کہیں کہیں شدید بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔