سائنس اور صحت کے شعبوں کے لئےہندوستان اور جاپان نے کئی اہم معاہدے کئے

تاثیر 6 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 6 مئی :۔سائنس اور ٹکنالوجی کے میدان میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں ہندوستان اور جاپان نے بدھ کو ایک معاہدے پر دستخط کئے۔ جاپان کے سائنس اور ٹیکنالوجی پالیسی کی وزیر اونوڈا کیمی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صحت اور طبی آلات کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط بھی ہوئے۔ یہ معاہدہ جاپان ایجنسی برائے میڈیکل ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ اور محکمہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے درمیان ہوا۔

اس کے علاوہ کوانٹم سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے کے لیے جاپان کے کابینی دفتر اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے درمیان ایک مفاہمت کی ارادیت نامے پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 2025 میں جاپان کے دورے کے بعد، ہندوستان-جاپان سائنس اور ٹیکنالوجی کی شراکت داری ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کے پاس جدید ٹیکنالوجی ہے، جب کہ ہندوستان کے پاس مضبوط نوجوان اور ہنر مند انسانی وسائل ہیں۔ دونوں ایک ساتھ مل کر،تیزی سے نئی ٹیکنالوجیز میں اختراعات کر سکتے ہیں۔