تاثیر 6 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 06 مئی:مدھیہ پردیش میں گیہوں کی خریداری کو لے کر سیاست تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس نے ریاستی حکومت پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے خریداری کے نظام کو مکمل طور پر ناکام، ابتر اور کسان مخالف قرار دیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ حکومت کا انتظامی ڈھانچہ بے حال ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
اس مدعے پر بدھ کے روز بھوپال میں صوبائی کانگریس دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سابق وزیر پی سی شرما، شہر کانگریس صدر پروین سکسینہ، دیہی صدر انوکھی مان سنگھ پٹیل، سابق لوک سبھا امیدوار ارون شریواستو، تنظیم کے جنرل سکریٹری ابھیشیک شرما اور صوبائی ترجمان جتیندر مشرا موجود تھے۔ کانگریس لیڈروں کے مطابق، خریداری اور سلاٹ بکنگ کی تاریخوں میں بار بار توسیع اس بات کی علامت ہے کہ حکومت تیاریوں میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ خریداری کے ابتدائی 14 دنوں میں صرف 5.9 لاکھ میٹرک ٹن گیہوں کی خریداری ہو سکی، جو حکومت کی سست رفتار کارکردگی اور کمزور بندوبست کو بے نقاب کرتا ہے۔

