تاثیر 7 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور (نزہت جہاں)
ضلع کے اہیاپور تھانہ حلقہ سے رشتوں کو شرمسار کر دینے والا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں شادی کا وعدہ کرکے ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ عصمت دری کیے جانے کا الزام لگا ہے۔ واردات کے بعد متاثرہ لڑکی نے ہوٹل کے کمرے سے پولیس کو فون کرکے مدد مانگی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عاشق کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ نے پولیس کو بتایا کہ سیوائی پٹی تھانہ علاقہ کے رہنے والے سجیت کمار سے اس کا تقریباً ڈھائی سال سے معاشقہ چل رہا تھا۔ اس دوران ملزم مسلسل شادی کا جھانسہ دے کر اس کے ساتھ کئی بار جسمانی تعلقات قائم کرتا رہا۔ لڑکی کا الزام ہے کہ اس بار بھی ملزم نے ملاقات کے بہانے اسے بلایا اور ہوٹل میں اپنی بیوی بتا کر کمرہ بک کرایا۔
ہوٹل کے کمرے میں پہنچتے ہی ملزم نے اس کے ساتھ زبردستی عصمت دری کی۔ مخالفت کرنے پر اس کے ساتھ مارپیٹ اور ذہنی اذیت بھی دی گئی۔ خوفزدہ لڑکی نے کسی طرح موقع پاکر پولیس کو فون کیا اور پوری واردات کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی اہیاپور پولیس نے ہوٹل میں چھاپہ مارا اور کمرے کا دروازہ کھلوا کر لڑکی کو بحفاظت باہر نکالا۔ پولیس نے ملزم سجیت کمار کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ واقعہ کے بعد ہوٹل میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ہوٹل کے کمرے کو سیل کر دیا ہے۔ ساتھ ہی فارنسک سائنس لیب (ایف ایس ایل) کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، جہاں ماہرین نے اہم شواہد جمع کیے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی پی او ٹاؤن-2 بنیتا سنہا نے بتایا کہ لڑکی کی اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے بحفاظت باہر نکالا اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ کا میڈیکل معائنہ کرایا جا رہا ہے اور پورے معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے۔

