تاثیر 7 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
شنگھائی، 7 مئی:تیر اندازی ورلڈ کپ اسٹیج 2 میں جمعرات کو ہندوستان کے لیے ملا جلا دن رہا۔ ہندوستانی خواتین کی ریکرو ٹیم نے ریکارڈ 10 بار کی اولمپک چیمپئن جنوبی کوریا کو شکست دے کر اپنا پہلا تمغہ حاصل کیا، جبکہ مردوں کی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے راونڈ میں مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دیپیکا کماری، انکیتا بھگت اور نوجوان کھلاڑی کمکم موہوڈپر مشتمل ہندوستانی خواتین ٹیم نے سیمی فائنل میں کوریا کی نئی ٹیم کو 1-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ہندوستان اب اتوار کو سونے کے تمغے کے مقابلے میں دوسری سیڈ چین سے مقابلہ کرے گا۔
اس دوران مردوں کی ریکرو ٹیم کا دن خراب رہا۔تجربہ کار تروندیپ رائے، دھیرج بومادیورا اور یشدیپ بھوگے کی تکڑی بنگلہ دیش کے خلاف ایک بھی سیٹ جیتنے میں ناکام رہی اور 6-2 سے شکست کھا کر باہرہوگئی۔
تاہم، ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے پورے دن زبردست حوصلہ دکھایا اور مسلسل تین میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی۔
چوتھی سیڈ والی ہندوستانی ٹیم نے سیمی فائنل میں مضبوط شروعات کی۔ انہوں نے چھ تیروں میں چار 10 اسکور کیے اور صرف دو پوائنٹس گنوا کر 58پوائنٹس کے ساتھ پہلا سیٹ اپنے نام کرلیا۔ کوریائی ٹیم دباو میں نظر آئی اور 8 اسکورکے بعد صرف 55 پوائنٹس حاصل کر سکی۔
ہندوستان نے دوسرے سیٹ میں 8 سے کامیابی حاصل کی لیکن میچ پھر بھی 56-56 ڈرا پر ختم ہوا اور ہندوستان نے 1-3 کی برتری حاصل کرلی۔

