ہماچل میں پنچایتی انتخابات کے لیے نامزدگی شروع۔ ووٹنگ تین مرحلوں میں ہوگی

تاثیر 7 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 7 مئی: ہماچل پردیش میں پنچایت راج ادارے کے انتخابات کے لیے نامزدگی کا عمل جمعرات کو شروع ہوگیا۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے طے کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار آج 7، 8 اور 11 مئی کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 12 مئی کو ہوگی جبکہ امیدوار 14 اور 15 مئی کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست 15 مئی کو جاری کی جائے گی۔
ریاست کی 3,754 پنچایتوں میں ہونے والے ان انتخابات کو اقتدار کے لیے ایک “سیمی فائنل” کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ یہ مانا جا رہا ہے کہ پنچایتی انتخابات میں مضبوط قدم جمانے والے لیڈروں کے پاس ہی آنے والے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیکلید ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکمراں کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی دونوں پنچایت سطح پر اپنی پوری طاقت لگارہی ہیں۔
اس بار پنچایتی انتخابات میں کچھ دلچسپ واقعات سامنے آئے ہیں۔ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور اہلکار بھی انتخابی میدان میں اترے ہیں۔ پنچایت سربراہ کے عہدے کے لیے کئی سابق عہدیدار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ مزید برآں، مقامی سطح پر سیاسی جماعتوں کے اندر گروپبندی بھی واضح ہے۔ کئی مقامات پر پارٹی کے اندر دیگر گروپوںسے مبینہ طور پر ناخوش لیڈروں نے اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ اس سے کانگریس اور بی جے پی دونوں کی تشویش بڑھ گئی ہے۔