ٹیچر بھرتی امتحان ( ٹی آر ای ۔4) کے امیدواروں کو پولیس نے دوڑا دوڑا کر پیٹا

تاثیر 8 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 8 مئی: پٹنہ میں جمعہ کے روزٹیچر بھرتی امتحان (ٹی آر ای ۔4) کے امیدواروں کو پولیس نے سڑکوں پر دوڑا دوڑا کر پیٹا ہے۔ اس دوران کئی کے سر بھی پھٹ گئے ہیں۔

آج صبح 10 بجے امیدواروں نے پٹنہ کالج سے خالی آسامیوں کو جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ وہ بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے دفتر کی طرف مارچ کر رہے تھے۔ پولیس نے انہیں جے پی گولمبر پر روک دیا۔ اس کے بعد لاٹھی چارج کا سہارا لیا گیا۔ مظاہرے میں تقریباً 5000 امیدواروں نے شرکت کی۔ لاٹھی چارج سے پہلے پولیس نے امیدواروں کو جے پی گولمبر میں روک دیا۔ امیدواروں نے بیریکیڈنگ توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔

طلبا رہنما دلیپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امیدواروں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ بی پی ایس سی نے 16 اپریل کو ایک پوڈ کاسٹ میں دعویٰ کیا کہ ٹی آر ای 4اشتہار تین سے چار دنوں میں جاری کیا جائے گا اور درخواست کا عمل 25 یا 26 اپریل کو شروع ہوگا۔ آج 8 مئی ہےاور ابھی تک اشتہار جاری نہیں ہوا ہے۔

وزیر تعلیم متھیلیش تیواری نے اس معاملے کے حوالے سے بات چیت میں کہا کہ “بہار کو بدلنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ احتجاج کرنے والوں کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ بہار کے ہر شہری کو تعلیم یافتہ ہونا چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ ٹی آر ای ۔4کے تحت کل 46,595 آسامیوں پر بھرتی کی جائے گی۔ بہار پبلک سروس کمیشن کو فروری میں اس کے لیے درخواست موصول ہوئی تھی۔ محکمہ تعلیم نے اسے واپس لے لیا اور اسے سالانہ کیلنڈر میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔