تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 9 مئی: پنجاب کے وزیر صنعت سنجیو اروڑہ ایک بار پھر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے نشانے پر ہیں۔ ہفتہ کی صبح سے ای ڈی کی ٹیموں نے چنڈی گڑھ اور دہلی میں واقع ان کے ٹھکانوں پر بیک وقت چھاپے مارے۔ ایک ماہ میں تیسری بارکارروائی ہونے سے پنجاب کی سیاست گرما گئی ہے۔
جن مقامات پر چھاپے مارے گئے ان میں وزیر سنجیو اروڑہ کی سرکاری رہائش گاہ، ان کے دفاتر اور ہیمپٹن اسکائی ریئلٹی لمیٹڈ سے منسلک احاطے شامل ہیں۔چنڈی گڑھ کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران ای ڈی کے اہلکار تقریباً آٹھ گاڑیوں میں پہنچے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
سنجیو اروڑہ کے گھر پر ای ڈی کا یہ تیسرا چھاپہ بتایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل، 17 اپریل کو، ایجنسی نے غیر ملکی کرنسی کی خلاف ورزیوں کے الزامات کی تحقیقات کے تحت اروڑہ سے منسلک کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ تازہ ترین چھاپہ ماری موہالی کے کھرڑ میں واقع ویسٹرن ٹاورز میں مبینہ لائزن ایجنٹ نتن گوہل کے گھر پر چھاپے کے بعد کی گئی ، جس سے یہ معاملے کو مزید چرچا میں آ گیا۔

