ہمنتا بسوا سرما مسلسل دوسری مدت کے لیے آسام کے وزیر اعلیٰ بنے،وزیراعظم کی موجودگی میں گورنر نے حلف دلایا

تاثیر 12 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گوہاٹی، 12 مئی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ڈاکٹر ہمانتا بسوا سرما نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں مسلسل دوسری مدت کے لیے آسام کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ گورنر لکشمن پرساد آچاریہ نے انہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ یاد رہے کہ بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے آسام میں مسلسل تیسری بار حکومت بنائی ہے۔ سال 2016 میں بی جے پی پہلی بار آسام میں اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

ڈاکٹر سرما نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین، مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری، جے پی نڈا اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی موجودگی میں گوہاٹی کے کھاناپاڑہ میں واقع ویٹرنری کالج کے اسپورٹس گراونڈ میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں حلف لیا۔ ان کے ساتھ بی جے پی کے نومنتخب ایم ایل اے رامیشور تیلی اور اجنتا نیوگ، آسوم گنا پریشد (اے جی پی) کے اتل بورا اور بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی پی ایف) کے چرن بوڈو نے وزیر کے طور پر حلف لیا۔

قابل ذکر ہے کہ این ڈی اے نے 2026 کے آسام اسمبلی انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رکنی اسمبلی میں 102 سیٹیں جیتی ہیں۔ بی جے پی نے 82 نشستیں حاصل کیں، جبکہ اس کے اتحادیوں، اے جی پی اور بی پی ایف نے بالترتیب دس دس نشستیں حاصل کیں۔

تقریب کے دوران ریاست بھر سے لاکھوں لوگوں نے “جئے شری رام”، “بھارت ماتا کی جئے،” “وندے ماترم” اور “جئے آئی آسام” جیسے نعرے لگائے اور جوش و خروش میں اضافہ کیا۔ تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شرکاءکی بڑی تعداد کے پیش نظر پنڈال کے مختلف حصوں میں بڑے ایل ای ڈی ڈسپلے لگائے گئے تھے۔