ریت مافیا نے ٹریکٹر سے پولیس اہلکار کو کچل دیا ، 6گرفتار

تاثیر 14 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نوادہ، 14 مئی: بہار کے نوادہ ضلع میں ریت مافیا کھلے عام پولیس کو چیلنج کر رہے ہیں اور انہیں مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔ تازہ ترین ناردی گنج تھانہ علاقہ کے مدھوبن گاؤں میں پیش آیا۔ جہاں جمعرات کی صبح غیرقانونی کانکنی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ ماری کرنے پہنچی پولیس پر بالو مافیاؤں نے ٹریکٹر چڑھا دیا۔ جس میں ایک جمعدار ناگیندر کمار شدید زخمی ہوگئے۔آناً فاناً میں انہیں پٹنہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال خطرے سے باہر ہیں۔ ناردی گنج تھانہ انچارج نے بتایا کہ ریت کی غیر قانونی کانکنی کی اطلاع پر پولیس ندی پر پہنچی، جہاں ریت مافیا نے ٹریکٹر لے کر پولیس اہلکار ناگیندر سنگھ کو مارنے کی نیت سے چڑھا دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے نازک حالت میں پٹنہ لے جایا گیا اور اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے میں ریت مافیا کے 6 ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی اطلاع پر ریت کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث دیگر افراد کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔نوادہ ضلع میں سینکڑوں جرائم پیشہ نے ریت اور شراب مافیا سے کروڑوں روپے کمائے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہوں نے علاقے میں اپنا تسلط قائم کر رکھا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ پولیس اور انتظامی اہلکار بھی پیسہ کمانے کے لالچ میں مافیا کو تحفظ دے رہے ہیں جس کی وجہ سے نوادہ ضلع میں مافیا کے حوصلے بلند ہیں۔ دو روز قبل بھی قادر گنج کے چوکیدار پر ریت مافیا نے حملہ کیا تھا۔ جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔