سیتامڑھی میں ایس ٹی ایف کا بڑا انکشاف، پھولوں سے سجی کریٹا بنی منشیات اسمگلنگ کا قلعہ

 

سیتامڑھی  (مظفر عالم)
ضلع میں گانجہ اسمگلروں نے پولیس کو دھوکہ دینے کے لیے ایسا طریقہ اپنایا کہ ہر کوئی حیران رہ گیا۔ نیپال سے لائی جا رہی گانجے کی بھاری کھیپ کو چھپانے کے لیے اسمگلروں نے ایک کریٹا کار کو بالکل دولہے کی بارات والی گاڑی کی طرح پھولوں اور مالاؤں سے سجا رکھا تھا۔ لیکن STF اور سرسنڈ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اس “شادی والی گاڑی” کا راز فاش کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے گانجے کے ساتھ دو اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ سرسنڈ تھانہ حلقہ میں کی گئی اس بڑی کارروائی کے دوران پولیس نے کریٹا کار سے 142.2 کلوگرام گانجہ برآمد کیا، جس کی بین الاقوامی بازار میں قیمت 3 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ تلاشی کے دوران گاڑی کی سجاوٹ کے نیچے چھپائے گئے گانجے کے پیکٹ برآمد ہوئے۔ موقع سے ایک موٹر سائیکل اور دو موبائل فون بھی ضبط کیے گئے۔ پولیس نے پرہار تھانہ علاقہ کے مسہا گاؤں کے رہنے والے دو سگے بھائیوں — وکاس مہتو عرف وکاس کمار اور اس کے چھوٹے بھائی امرت کمار — کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں، اُمیش مہتو کے بیٹے بتائے جاتے ہیں۔ جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں کافی عرصے سے نیپال سے گانجہ لا کر بہار کے مختلف اضلاع میں سپلائی کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق اسمگلروں نے شادیوں کے سیزن کو اپنی ڈھال بنایا تھا، کیونکہ پھولوں سے سجی باراتی گاڑیوں کی تلاشی عموماً کم ہوتی ہے۔ اسی فائدے کو اٹھانے کے لیے کار کو مکمل طور پر شادی والی گاڑی کی شکل دی گئی تھی تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔
ایس ٹی ایف افسران کا کہنا ہے کہ اسمگلروں کا یہ طریقہ نیا نہیں، لیکن اس بار استعمال کی گئی مقدار اور منصوبہ بندی انتہائی چونکانے والی تھی۔ پوچھ گچھ کے دوران مرکزی ملزم وکاس مہتو نے اعتراف کیا کہ وہ نیپال سے باقاعدگی کے ساتھ گانجہ منگوا کر بہار کے کئی اضلاع میں اونچی قیمت پر فروخت کرتا تھا۔