پیاز کی مناسب قیمت نہ ملنے پر کسانوں کا احتجاج

تاثیر 18 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اورنگ آباد، 18 مئی:امباداس دانوے کی قیادت میں پیاز پیدا کرنے والے کسانوں نے پیر کو اورنگ آباد میں سمرتھی ایکسپریس وے کے قریبروڈ بند کرکے احتجاج کیا۔ پیاز کی گرتی ہوئی قیمتوں سے ناراض کسانوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مناسب نرخ دینے کا مطالبہ کیا۔ ریاست میں پیاز کو مناسب قیمت نہ ملنے کے باعث کسان شدید معاشی بحران کا شکار ہیں۔
پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ ہونے کے باوجود بازار میں پیاز کی قیمتیں گرنے سے کسانوں کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی پس منظر میں حکومت کی توجہ مبذول کرانے کے لیے احتجاجیوں نے سمرتھی ایکسپریس وے پر چکہ جام کرنے کی کوشش کی۔ تاہم سمرتھی ایکسپریس وے اہم اور تیز رفتار ٹریفک کا راستہ ہونے کے باعث پولیس انتظامیہ نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔