بنگال کی کابینہ نے انّ پورنا اسکیم کو منظوری دی، ساتویں تنخواہ کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ

تاثیر 18 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 18 مئی:مغربی بنگال میں پیر کو ریاستی سکریٹریٹنوانّ میں وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری کی صدارت میں نو تشکیل شدہ کابینہ کی دوسری میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کے بعد، ریاستی حکومت نے خواتین کی بہبود، سرکاری ملازمین، ٹرانسپورٹیشن اور او بی سی تحفظات سے متعلق کئی اہم فیصلوں کا اعلان کیا۔
میٹنگ کے بعد ،وزیر اگنی مترا پال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ خواتین اور بچوں کی ترقی اور سماجی بہبود کے محکمے کے تحت ’’انّ پورنا یوجنا‘‘ کو پالیسی ساز منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’لکشمی بھنڈار‘‘ اسکیم کی موجودہ خواتینمستفیدین کے نام خود بخود ’’انّ پورنا بھنڈار‘‘ اسکیم میں منتقل ہو جائیں گے۔ اسکیم کے فنڈز براہ راست مستفیدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کیے جائیں گے، جبکہ نئے درخواست دہندگان کے لیے جلد ہی ایک آن لائن پورٹل کھولا جائے گا۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے تحت یا ٹریبونل میں درخواست دینے والے لوگوں کو بھی اس اسکیم کا فائدہ دیا جائے گا۔کابینہ نے ریاستی سرکاری ملازمین کے تنخواہ کے ڈھانچے پر نظر ثانی کے لیے ساتویں ریاستی پے کمیشن کی تشکیل کو بھی منظوری دی۔ تاہم میٹنگ میں مہنگائی الاؤنس (ڈی اے ) کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل ڈی اے میں اضافے کے حوالے سے سرکاری ملازمین میں بہت زیادہ توقعات وابستہ تھیں۔