تاثیر 21 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 21 مئی : مرکزی حکومت نے ملک میں بیوٹی انجیکشن اور اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کے خلاف سخت رویہ کا اظہارکیاہے۔ مرکزی وزارت صحت کے تحت سنٹرل ڈرگ اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او ) نے اس سلسلے میں عوام کو خبردار کرتے ہوئے ایک نوٹس جاری کیا ہے۔ تنظیم نے واضح کیا ہے کہ انجکشن کے ذریعے کوئی بھی کاسمیٹک مصنوعات استعمال نہیں کی جا سکتی۔ تنظیم کے مطابق کاسمیٹکس صرف بیرونی استعمال کے لیے ہیں اور ان کا جسم میں انجیکشن لگانا قوانین کے خلاف ہے۔
یہ نوٹس تنظیم کے ڈرگ کنٹرولر جنرل ڈاکٹر راجیو رگھوونشی نے جاری کیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جلد کو سفید کرنے، اینٹی ایجنگ اور گلوٹاتھیون جیسے بیوٹی انجیکشن کو کاسمیٹک مصنوعات کے طور پر فروخت یا فروغ دینے کی اجازت نہیں ہے۔ تنظیم کے مطابق، ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ، 1940 اور کاسمیٹکس رولز، 2020 کے تحت، کاسمیٹک مصنوعات کو صرف جلد، بالوں، ناخنوں یا جسم کے بیرونی حصوں پر لگانے، چھڑکنے یا صاف کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اینٹی ایجنگ کے لیے انجیکشن کا استعمال اس ایکٹ کے تحت نہیں آتا۔ وزارت صحت نے بیوٹی کلینکس، ایستھیٹک سینٹرس اور طبی پیشہ ور افراد کو بھی قواعد پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

