تاثیر 21 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گڈچرولی، 21 مئی : گڈچرولی ضلع میں جمعرات کی صبح ایک بھیانک بس حادثہ پیش آیا، جس میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گڈچرولی سے عمرکھیڑ جانے والی مسافر بس مْرکھلا (نویگاؤں) علاقے کے ایک خطرناک موڑ پر اچانک الٹ گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گڈچرولی ڈپو کی ایس ٹی کارپوریشن کی بس (نمبر ایم ایچ 14 0741) آج صبح 7.15 بجے نادکا-عمرکھیڑ روٹ پر روانہ ہوئی تھی۔ اس وقت بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے۔
موڑ پر ڈرائیور کا گاڑی پر قابو ختم ہو جانے کے سبب تیز رفتار بس سڑک کنارے الٹ گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس میں سوار مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ اس حادثے میں ایک سالہ بچہ سمیت کئی مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی زور دار آواز سن کر مقامی شہری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور راحت و بچاؤ کام شروع کر دیا۔

