تاثیر 01 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، یکم جون : مغربی بنگال کی پہلی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی کابینہ میں پیر کے روز توسیع کی گئی۔ راج بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں ریاستی گورنر آر این روی نے 35 نئے وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کی کابینہ کے ارکان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 41 ہو گئی ہے۔
وزراء کے ناموں کا اعلان چیف سیکرٹری منوج اگروال نے کیا۔ کابینہ وزیر کے طور پر تاپس رائے، منوج اراونگ، ارجن سنگھ، گوپال شنکر گھوش، دیپک برمن، اروپ کمار داس، سوپن داس گپتا، کلیان چکرورتی، شنکر گھوش اور دودھ کمار منڈل نے حلف لیا۔
آزادانہ چارج والے وزراء کے طور پر مالتی راوا رائے، راجیش مہتو اور اندرنیل خان کو شامل کیا گیا۔ جبکہ مملکتی وزراء کے طور پر اشوک ڈانڈا، کوشک چودھری، جوئل مرمو، ہرے کرشن بیرا، شانتو پرمانک، اومیش رائے، پورنیما چکرورتی، بھاسکر بھٹاچاریہ، دیواکر گھرامی، ندیہ کے چند باؤڑی، گرگی داس گھوش، امیہ کسکو، کلِتا ماںجی، وراج بسواس، سومنا سرکار، آنندمے برمن، وشال لاما اور دیپنکر جانا سمیت دیگر رہنماؤں نے حلف لیا۔
تقریب میں زیادہ تر وزراء روایتی بنگالی لباس دھوتی اور کرتا پہن کر شریک ہوئے۔ کئی نو منتخب وزراء اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ تقریب میں آئے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر اور بالورگھاٹ کے رکن پارلیمنٹ سوکانت مجومدار، ریاستی بی جے پی صدر شمک بھٹاچاریہ اور وزیر اگنی مترہ پال بھی موجود تھے۔

