تاثیر 02 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 2 جون: وزارت تعلیم کے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پی ایم ریسرچ چیئر (پی ایم آر سی) اسکیم 2026 کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں، جس کا مقصد ہندوستانی نژاد سائنسدانوں، محققین، اور ٹکنالوجی کے ماہرین کو ملک کے تحقیق اور اختراعی ماحولیاتی نظام سے جوڑنا ہے۔ وزارت تعلیم نے منگل کو اعلان کیا کہ پی ایم آر سی کے تحت ممتاز یونیورسٹیوں، لیبارٹریوں، تحقیقی اداروں اور صنعتوں میں کام کرنے والے ممتاز ہندوستانی نژاد محققین، سائنس دانوں، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور پیشہ ور افراد کو ہندوستان کے سرکردہ سرکاری اعلیٰ تعلیمی اداروں، قومی لیبارٹریوں اور تحقیقی مراکز میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اسکیم کے تحت 13 قومی ترجیحی شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی،ان میں مصنوعی ذہانت،کوانٹم کمپیوٹنگ اور سپر کمپیوٹنگ سمیت ترقی یاتہ کمپیوٹنگ سیمی کنڈکٹر، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی؛ سائبر سیکورٹی؛ صحت اور طبی ٹیکنالوجی؛ بائیو ٹیکنالوجی جدید مواد اور اہم معدنیات؛ خلا اور دفاع؛ اگلی نسل کی مواصلاتی ٹیکنالوجیز؛ مینوفیکچرنگ اور انڈسٹری 4.0؛ زراعت اور خوراک کی ٹیکنالوجی؛ نیلی معیشت؛ اور جوہری توانائی جیسے شعبے شامل ہیں۔
وزارت کے مطابق، یہ اسکیم تین اہم ستونوں پر مبنی ہوگی: لیڈ انسٹی ٹیوشن، ہوسٹ انسٹی ٹیوشن، اور پی ایم آر سی فیلو۔ اس سے قومی ضروریات کے مطابق موثر اور نتیجہ خیز تحقیق کو فروغ ملے گا۔ اس اسکیم کے تحت اداروں اور فیلوز کے انتخاب کی نگرانی پرنسپل سائنٹیفک ایڈوائزر کی زیر صدارت ایک بااختیار کمیٹی کرے گی۔

