!اب بابل سپریو بھی باغی ہوئے

تاثیر 04 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

۔ممتا بنرجی پر بدعنوانی کے خلاف بروقت کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کیا

کولکاتا، 4 جون:سابق مرکزی وزیر اور پارٹی کے سینئر لیڈر بابل سپریو ترنمول کانگریس میں ممتا بنرجی کے خلاف بغاوت کا جھنڈا بلند کرنے والوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں۔ وہ ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر ہیں۔ سپریو نے بدعنوانی کے معاملے پر پارٹی سربراہ ممتا بنرجی کے خلاف سنگین تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے بدھ کی رات کہا کہ ممتا بنرجی نے اقتدار میں آنے کے ابتدائی دور میں بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی، جو ان کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
بابل سپریو نے کہا کہ اگر بدعنوانی، عوامی فنڈز کی ہیرا-پھیری اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف شروع سے ہی سخت کارروائی کی جاتی تو آج حالات اتنے پیچیدہ نہیں ہوتے۔ اسی سستی نے پارٹی کے کچھ رہنماؤں کو غیر منصفانہ فائدہ حاصل کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں کئی متنازعہ شخصیات نام نہاد’’60 ‘‘کے گروپ کا حصہ بن گئیں۔