رامبن میں عارضی صفائی اہلکاروں نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا

تاثیر 04 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 04 جون : رامبن میں صفائی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں میونسپل کونسل کمپلیکس رامبن کے احاطے میں زوردار احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے دوران ملازمین نے جموں و کشمیر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کا پتلا بھی نذرِ آتش کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عارضی بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم آج تک انہیں مستقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں 300 روپے یومیہ اجرت پر اپنے اہلِ خانہ کی ضروریات پوری کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ احتجاجی ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے دیرینہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے، یومیہ اجرت میں اضافہ کیا جائے اور انہیں مستقل ملازمتیں فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ٹھیکیداری نظام کے خاتمے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام ملازمین کے استحصال کا سبب بن رہا ہے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنی احتجاجی تحریک کو مزید تیز کریں گے اور مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔