فائرنگ کیس میں پٹنہ سول کورٹ نے خان سر کی گرفتاری پر روک لگائی

تاثیر 09 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 9 جون : فائرنگ کے معاملے میں پٹنہ سول کورٹ نے معروف ٹیچر فیصل خان (خان سر) کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ منگل کے روز پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج روپیش دیو نے پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا۔ پیر کو خان سر کے وکیل اروند کمار مہوار کی جانب سے عدالت میں پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی گرفتار دونوں سیکورٹی گارڈز کی ضمانت کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی تھی۔

ہفتے کے روز خان سر کے عدالت میں خود سپردگی (سرینڈر) کرنے کی خبر آئی تھی، لیکن انہوں نے خود سپردگی نہیں کی۔ ان کے وکیل اروند کمار مہوار نے بتایا تھا کہ ہفتے کو عدالت 1.30 بجے بند ہو گئی تھی، اس لیے پیشگی ضمانت کی درخواست دائر نہیں کر سکے۔ اس کے بعد پیر کو خان سر کے وکیل نے عدالت میں پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی۔ پیر کو عدالت نے سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ منگل کو پٹنہ سول کورٹ نے خان سر کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ اب اس معاملے میں اگلی سماعت 30 جون کو ہوگی۔

دو جون کی رات پٹنہ کے معروف خان سر کے کوچنگ سینٹر پر حملہ ہوا تھا۔ خان سر نے حریف کوچنگ ’گیان بندو‘ کے ڈائریکٹر پر حملہ کرانے اور فائرنگ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ پولیس نے معاملے میں سی سی ٹی وی کی جانچ کی تھی، جس میں خان سر کے گارڈ کی پٹائی ہوتے اور بینر پوسٹر پھاڑتے ہوئے لوگ نظر آ رہے ہیں، لیکن پولیس نے فائرنگ کی تصدیق نہیں کی تھی۔ سی سی ٹی وی میں کوئی بھی فائرنگ کرتا ہوا نظر نہیں آیا تھا۔