دبئی سڑک حادثے میں چھ ہندوستانی تارکین وطن اور ایک سری لنکن نوجوان ہلاک

تاثیر 11 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دبئی، 11 جون :ایمریٹس روڈ پر اتوار کو ہونے والے سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام سات ملازمین کی شناخت ہو گئی ہے۔ آجر کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ مرنے والوں میں چھ ہندوستانی اور ایک سری لنکن نوجوان شامل ہے۔ ان نوجوانوں میں سے تین کا تعلق اتر پردیش اور تین کا تلنگانہ سے ہے۔ آجر کمپنی کا صدر دفتر شارجہ میں ہے۔
گلف نیوز کے مطابق، آجر کمپنی نے بتایا کہ مرنے والے ہندوستانی تارکین وطن مزدوروں میں مرکنڈے چوہان (39)، عبدالرشید (38) اور محمد ثاقب (31) کا تعلق اتر پردیش سے تھا۔ سلیم سید (51)، عبدالرفیق (37) اور تروپتی گولاپلی (23) تلنگانہ سے ہیں۔ ساتویں مرنے والے، سیموئیل رینگاسامی (34) کا تعلق سری لنکا کے شمالی صوبے سے تھا۔
کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا کہ سات میں سے پانچ کارکنوں کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان تھیں۔ سب سے کم عمر تروپتی گولاپلی گزشتہ ماہ ہی 23 سال کی ہوئی تھی۔ دستاویزات کے مطابق سب سے معمر سلیم سید بھی مئی میں پیدا ہوئے۔ محمد ثاقب اپنی 32 ویں سالگرہ سے چند ہفتے ہی دور تھے۔ تروپتی اور محمد کے علاوہ باقی سب شادی شدہ تھے اور گھر میں خاندان تھے۔