تاثیر 13 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولہاپور، 12 جون:جموں و کشمیر کے اْڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ہونے والے ایک شدید دھماکے میں بھارتی فوج کے دو جوان شہید ہو گئے، جن میں ضلع کولہاپور کے تعلقہ شاہوواڑی کے گاؤں گونڈولی کے سپوت وکرم بال کرشن چوہان بھی شامل تھے۔ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے اس بہادر جوان کی آخری رسوم آج گونڈولی میں دریائے وارنا کے کنارے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں، جہاں ہزاروں سوگوار شہریوں نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ انہیں آخری وداع کہا۔
شہید وکرم چوہان نے اپنی ابتدائی تعلیم شاہوواڑی تعلقہ کے ودیامندر گونڈولی میں حاصل کی تھی، جبکہ اعلیٰ تعلیم کوکرود کے یشونت کالج سے مکمل کی۔ ملک کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے وکرم چوہان فوج میں شامل ہوئے اور احمد نگر میں عسکری تربیت حاصل کی۔ اس کے بعد سال 2018 میں ان کی پہلی تعیناتی راجستھان کے سورت گڑھ میں ہوئی، جبکہ بعد میں انہیں جموں و کشمیر کے اکھنور میں تعینات کیا گیا۔ وہ اس وقت جموں و کشمیر کے اْڑی علاقے میں 8 آر آر (راشٹریہ رائفلز) کے ساتھ خدمات انجام دے رہے تھے۔

