ایس ٹی سفر کے لیے یکم اگست سے اسمارٹ کارڈ لازمی،خواتین، بزرگ شہریوں اور امرت بزرگ شہریوں سے فوری رجسٹریشن کی اپیل

تاثیر 16 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 15 جون :۔ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کی بسوں میں سفر کرنے والی خواتین، بزرگ شہریوں اور امرت بزرگ شہریوں کے لیے یکم اگست 2026 سے این سی ایم سی (نیشنل کامن موبلٹی کارڈ) یعنی اسمارٹ کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایس ٹی انتظامیہ کے مطابق اس کارڈ کے بغیر رعایتی کرایے پر سفر کی سہولت حاصل نہیں ہو سکے گی۔
ایس ٹی سفر کو مزید ڈیجیٹل، شفاف اور آسان بنانے کے مقصد سے ریاستی حکومت نے این سی ایم سی اسمارٹ کارڈ منصوبہ شروع کیا ہے، جس کے مؤثر نفاذ کے لیے انتظامیہ جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ ریاست بھر سے اس منصوبے کو بھرپور ردعمل ملا ہے اور اب تک تقریباً 51 لاکھ مسافروں نے رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ ایس ٹی انتظامیہ کے مطابق رجسٹرڈ مسافروں میں سے 25 لاکھ شہریوں کو اسمارٹ کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی کارڈز کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے ریاست بھر میں چار ہزار سے زائد مجاز تقسیم مراکز قائم کیے گئے ہیں۔