منی پور میں 10 عسکریت پسند اور 5 منشیات اسمگلر گرفتار، بڑی مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد

تاثیر 17 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

امپھال، 16 جون: منی پور میں شورش، ناجائزوصولی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف پولیس اور سیکورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ 13 سے 15 جون کے درمیان مختلف اضلاع میں کیے گئے آپریشنز کے دوران، سیکیورٹی فورسز نے 10 باغیوں اور 5 منشیات کے ا سمگلروں کو گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، مشتبہ افیون، براؤن شوگر اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

منی پور پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے منگل کو جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق، 15 جون کو، سیکورٹی فورسز نے ممنوعہ عسکریت پسند تنظیم آر پی ایف/پی ایل اے کے ایک سرگرم کیڈر تھودام روشن میتی عرف پباریل (21) کو امپھال مشرقی ضلع کے ساومبنگ مانیااسکول میں واقع اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔ ملزم لملائی تھانہ علاقہ کا رہائشی ہے۔