تاثیر 17 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 16 جون: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے یس بینک قرض فراڈ اور منی لانڈرنگ معاملے میں منگل کے روز ممبئی، کھنڈالا اور نئی دہلی میں ایک ساتھ 17 مقامات پر تلاشی مہم چلائی۔ یہ چھاپہ مار کارروائی میسرز سرکشا ایسیٹ ریکنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ، میسرز سرکشا ریئلٹی لمیٹڈ، میسرز کھیاتی ریئلٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ان کے پروموٹرز، ڈائریکٹروں اور ملازمین کے احاطوں میں کی گئی۔
ای ڈی کے مطابق ممبئی زونل ونگ (زونل دفتر-اول) کی ٹیموں کی جانب سے کی گئی اس کارروائی کے تحت یس بینک کے ایک سابق ملازم کے ٹھکانے پر بھی تلاشی لی گئی۔ یہ پورا معاملہ مالی سال 17-2016 سے 18-2017 کے دوران میسرز میکسٹار مارکیٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کمپنیوں کے یس بینک قرضوں کی دھوکہ دہی پر مبنی منتقلی (اسائنمنٹ) سے متعلق ہے۔
ای ڈی کی اس کارروائی کا بنیادی مقصد منی لانڈرنگ کے جرم سے متعلق شواہد اکٹھا کرنا ہے۔ الزام ہے کہ ایسیٹ ریکنسٹرکشن کمپنیوں نے یس بینک کے ساتھ ملی بھگت کی۔ ان کمپنیوں نے خسارے میں چلنے والے اثاثوں (اسٹریسڈ ایسیٹس) پر دھوکہ دہی کے ذریعے قبضہ حاصل کرنے کے لیے رقوم کا گول مول لین دین (سرکیولر ٹرانزیکشن) کیا۔

