بیسٹ ملازمین کی ہڑتال ختم، عبوری مالی راحت، گریجویٹی ادائیگی اور نئی بسوں کی خریداری سمیت اہم فیصلے

تاثیر 22 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 22 جون: ممبئی کی عوامی نقل و حمل کے نظام میں ممکنہ تعطل کا خطرہ ٹل گیا ہے، کیونکہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بعد (بی ای ایس ٹی ) بیسٹ ملازمین کی ایکشن کمیٹی نے اپنی مجوزہ ہڑتال واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے سے روزانہ بیسٹ بسوں کے ذریعے سفر کرنے والے لاکھوں شہریوں کو بڑی راحت ملی ہے۔بیسٹ ملازمین کے مختلف مطالبات اور ادارے کے مستقبل سے متعلق امور پر غور کے لیے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس کی صدارت نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کی۔ اجلاس میں ریاستی حکومت، بیسٹ انتظامیہ اور ملازمین کے نمائندوں نے شرکت کی اور مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ مذاکرات کے دوران کئی اہم فیصلوں پر اتفاق ہوا، جن میں سب سے نمایاں ملازمین کی زیر التوا گریجویٹی کی ادائیگی ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ تمام بقایا گریجویٹی رقم موجودہ مالی سال کے دوران مرحلہ وار ادا کی جائے گی تاکہ ملازمین کو درپیش مالی مشکلات کم کی جا سکیں۔