تاثیر 23 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ تہوار کو باہمی بھائی چارے، ہم آہنگی اور تعاؤن کے جذبے سے منائیں۔
ارریہ:- (مشتاق احمد صدیقی) محرم کے تہوار کے موقع پر سب ڈویژن امن کمیٹی کی میٹنگ سب ڈویژنل آفیسر ارریہ کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد امن و امان کو برقرار رکھنے اور تہوار کو پرامن، ہم آہنگی اور باہمی بھائی چارے کے ماحول میں منانے کو یقینی بنانا تھا۔ میٹنگ میں سب ڈویژنل سطح کے تمام متعلقہ افسران موجود تھے جبکہ بلاک سطح کے افسران گوگل میٹ کے ذریعے میٹنگ سے جڑے رہے۔ اس کے علاوہ سب ڈویژنل ایریا کے تمام معززین امن کمیٹی کے ممبران، عوامی نمائندے اور سماجی کارکنان نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کیں۔
میٹنگ میں محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے جلوسوں، تعزیہ کے جلوس کے روٹس، سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک کے انتظامات، صفائی، پینے کے پانی، بجلی کی فراہمی اور دیگر ضروری انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام متعلقہ محکموں کو ہم آہنگی اور ضروری تیاریوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ میٹنگ میں موجود امن کمیٹی کے اراکین سے تجاویز بھی لی گئیں اور ان سے اپیل کی گئی کہ وہ تہوار کے دوران سماجی ہم آہنگی اور امن برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاؤن کریں۔ تمام ممبران نے انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاؤن کا یقین دلایا۔ حکام نے واضح کیا کہ محرم کے دوران حساس مقامات پر خصوصی چوکسی برقرار رکھی جائے گی اور کسی بھی افواہ یا گمراہ کن معلومات کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ امن و امان متاثر نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لئے سوشل میڈیا پر بھی مسلسل نظر رکھی جائے گی۔ میٹنگ کے آخر میں عوام الناس پر زور دیا گیا کہ وہ تہوار بھائی چارے، ہم آہنگی اور تعاؤن کے جذبے سے منائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا اطلاع کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو دیں!؛ تاکہ محرم الحرام کو پرامن، محفوظ اور ہم آہنگی کے ماحول میں منایا جا سکے۔

