محرم کے پیش نظر ٹھاکرگنج تھانہ میں امن کمیٹی کی میٹنگ، باہمی ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل

تاثیر 23 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)محرم کے تہوار کو پُرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرانے کے مقصد سے منگل کے روز ٹھاکرگنج آدرش تھانہ احاطہ میں امن کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں انتظامی افسران، عوامی نمائندوں، سماجی کارکنان اور محرم کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی اور آپسی بھائی چارہ اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ میٹنگ کی صدارت تھانہ انچارج انجئے امن نے کی۔ اس موقع پر بلاک ترقیاتی افسر احمر عبدالی اور انچل افسر مرتیونجے کمار نے موجود لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محرم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا بھرپور تعاون کریں۔ افسران نے واضح طور پر کہا کہ تہوار کے دوران کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور اگر کہیں کوئی مسئلہ پیش آئے تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت مناسب کارروائی کی جا سکے۔ اس موقع پر سابق چیئرمین دیوکی اگروال نے جلوس کے دوران ضروری انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی بات کہی۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ جلوس کے راستوں پر عارضی طور پر بجلی کی فراہمی بند رکھی جائے، طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور سڑکوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر تجاوزات ہٹانے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ میٹنگ میں موجود تمام افراد نے اس بات کا عہد کیا کہ محرم کا تہوار آپسی بھائی چارہ، امن اور نظم و ضبط کے ساتھ منایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی بدنظمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ اور مقامی شہریوں کے تعاون سے تہوار کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ میٹنگ میں ٹھاکرگنج نگر پنچایت کے چیف پارشد سکندر پٹیل، بی جے پی ضلع ترجمان کوشل کشور یادو، راجد لیڈر مشتاق عالم، جے ڈی یو لیڈر محمد نظام الدین، سماجی کارکن شیوا یادو، ایل جے پی لیڈر کشن بابو پاسوان، سابق چیف پارشد دیوکی اگروال، سوہیب عالم، محمد مصطفیٰ، محمد سہراب، زاہد الرحمٰن، محمد نسیم سمیت کئی معزز افراد موجود تھے۔