ریاستی سرکاری ملازمین کی طرز پر ایس ٹی ملازمین کو مہنگائی بھتہ

تاثیر 23 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 23 جون:مہاراشٹر کی لائف لائن سمجھی جانے والی مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کے تقریباً 86 ہزار ملازمین کے لیے مہایوتی حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریاستی سرکاری ملازمین کی طرز پر مہنگائی بھتہ، مکان کرایہ بھتہ اور سالانہ تنخواہ میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اعلان ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائک نے پیر کو ریاستی مقننہ میں کیا۔
اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں بیان دیتے ہوئے سرنائک نے کہا کہ 22 جون کو نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ہدایت پر ایس ٹی کی تمام مزدور تنظیموں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی محض ایک ٹرانسپورٹ ادارہ نہیں بلکہ مہاراشٹر کے عام شہریوں کی زندگی کی شہ رگ ہے۔ گزشتہ آٹھ دہائیوں سے “لال پری” ریاست کے دور دراز علاقوں تک مسلسل خدمات انجام دے رہی ہے اور اس خدمت کا اصل سہارا ایس ٹی کے ملازمین ہیں، جو گرمی، بارش اور ہر قسم کے بحران میں اپنے خاندان سے زیادہ عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ سنیتراتائی پوار کی قیادت والی مہایوتی حکومت نے ملازمین کے جذبات اور ان کے جائز مطالبات کا احترام کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت مہنگائی بھتہ 53 فیصد سے بڑھا کر 58 فیصد، مکان کرایہ بھتہ 8-16-24 فیصد سے بڑھا کر 10-20-30 فیصد اور سالانہ تنخواہ میں اضافے کی شرح 2 فیصد سے بڑھا کر 3 فیصد کر دی گئی ہے۔