تاثیر 24 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،24جون:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ روکنے سے متعلق سینیٹ کی ووٹنگ پر سخت تنقید کی ہے۔ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں اس ووٹنگ کو غلط وقت پر ہونے والی اوربے معنی قرار دیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران شکست کے دہانے پر تھا اور امریکہ کو تقریباً ہر وہ چیز دینے کے لیے تیار تھا ،جو واشنگٹن چاہتا تھا۔ٹرمپ نے لکھا:ایران شکست کے قریب تھا، گرنے کے لیے تیار تھا اور ہمیں تقریباً ہر چیز دینے پر آمادہ تھا۔ کئی دہائیوں میں پہلی بار ایران امریکہ اور اس کے صدر کا بھرپور احترام کر رہا تھا، لیکن امریکی سینیٹ نے جنگی اختیارات کے قانون کے حوالے سے ایک نامناسب اور بے مقصد ووٹ کر دیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے اس اقدام نے دشمن کی مدد کی اور ان کے مشن کو مزید مشکل بنا دیا، تاہم انہوں نے زور دیا کہ وہ اپنے مقاصد کسی نہ کسی صورت میں حاصل کر کے رہیں گے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب امریکی سینیٹ نے ایک ایسے بل کی منظوری دی ہے جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیاں روکنے کا پابند بناتا ہے۔ اسے کانگریس کی جانب سے ریپبلکن صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف تازہ ترین مخالفت قرار دیا جا رہا ہے۔سینیٹ میں 50 ووٹ موافق اور 48 ووٹ مخالف آئے، جس کے بعد جنگی اختیارات (War Powers) سے متعلق اس قرارداد کی توثیق کی گئی، جسے رواں ماہ کے آغاز میں ایوانِ نمائندگان بھی منظور کر چکا تھا۔

