تاثیر 25 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 25/ جون (تاثیر بیورو) جوپیٹر انٹرنیشنل نے ہماچل پردیش کے بڈی صنعتی کیمپس میں اپنی نئی یونٹ-IV کا افتتاح کر دیا ہے، جس کے ذریعے 1.25 گیگاواٹ صلاحیت کے جدید ٹاپ کون (ٹنل آکسائیڈ پیسیویٹڈ کانٹیکٹ) سولر سیلز کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔ اس توسیع کے بعد کمپنی کی مجموعی سولر سیل مینوفیکچرنگ صلاحیت 2 گیگاواٹ سے بڑھ کر 3.25 گیگاواٹ ہو گئی ہے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دھروپ شرما نے کہا کہ نئی یونٹ اعلیٰ کارکردگی اور بہتر طویل مدتی نتائج دینے والی اگلی نسل کی سولر ٹیکنالوجی کی پیداوار میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی سال کے آخر تک ناگپور میں 3 گیگاواٹ صلاحیت کے جدید ٹاپ کون پلانٹ کے قیام کی بھی تیاری کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس توسیع سے ہماچل پردیش میں گرین انرجی کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں اعلیٰ معیار کے سولر سیلز کی مقامی پیداوار کو مزید فروغ ملے گا۔

