تاثیر 26 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تہران، 26 جون : ایران کی پرشین گلف اسٹریٹ افیئرس اٹھارٹی (پی جی ایس اے) نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری جہازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ طے شدہ ٹرانزٹ روٹس پر عمل کریں۔ اتھارٹی نے متنبہ کیا کہ مقررہ راستوں سے ہٹنے والے جہاز محفوظ ٹرانزٹ گارنٹی، انشورنس کوریج اور کسی بھی متعلقہ ذمہ داریوں کے اہل نہیں ہوں گے۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق، جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں پی جی ایس اے نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ اور منظم نیوی گیشن کو یقینی بنانے کے لیے ایرانی حکام کی جانب سے طے کردہ ٹرانزٹ روٹس کی پابندی ضروری ہے۔ مقررہ فریم ورک سے باہر راستہ استعمال کرنے والے کسی بھی جہاز کو محفوظ گزرنے کی ضمانتوں اور سرکاری حفاظتی انتظامات کے دائرہ سے باہر سمجھا جائے گا۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ غیر مجاز راستوں پر نیویگیشن کے نتیجے میں کسی بھی حادثے، حفاظتی مسئلے یا دیگر نقصانات کی ذمہ داری صرف جہاز کے مالک، آپریٹر اور کپتان پر ہوگی۔ ایرانی حکام ایسے معاملات میں کوئی ذمہ داری قبول نہیں کریں گے۔

