تاثیر 26 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 26 جون: 1975 میں ہندوستان میں نافذ ایمرجنسی کی 51 ویں برسی کے موقع پر،مہاراشٹرا اور گوا کے سابق گورنر اور اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بھگت سنگھ کوشیاری نے ٹیگورہال، فیکلٹی آف آرٹس، دہلی یونیورسٹی میں ڈی یو کے پروفیسر سدھیرسنگھ کی کتاب “ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس ان انڈیا: ریفلیکشنز آن ایمرجنسی (1975–1977) کااجرا کیا۔
اس موقع پر دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔
یہ کتاب ایمرجنسی (1975تا1977) کا تنقیدی تجزیہ پیش کرتی ہے۔ اس میں تاریخی اور نظریاتی نقطہ نظر سے آئینی اداروں، شہری آزادیوں، جمہوری طرز حکمرانی اور انسانی حقوق پر اس کے اثرات کا جائزہ لیاگیا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے جمہوری اقدار کے تحفظ میں تاریخی یادداشت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے لیے ہندوستانی جمہوریت کے اس سیاہ باب کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ اس کتاب کا اجراء ایک پرانے زخم کو دوبارہ کریدنے کے مترادف ہے، لیکن جو قوم اپنے زخموں کو بھول جاتی ہے وہ انہیں دہرانے کا خطرہ مول لیتی ہے۔

