تاثیر 27 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ (فضا امام):- 10ویں محرم کے موقع پر دربھنگہ شہر کے تاریخی قلعہ گھاٹ پر عقیدت مندوں اور اکھاڑوں کا ایک عظیم الشان اجتماع دیکھنے کو ملا۔ ضلع بھر سے 170 سے زائد اکھاڑوں نے قلعہ گھاٹ پہنچ کر اپنے روایتی فنون اور نمائشی کھیلوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا اور داد و تحسین پیش کی۔
محرم کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ شہر کے مختلف حساس مقامات پر مجسٹریٹس، پولیس افسران اور بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ نگرانی کے لیے متعدد مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے جبکہ سماج دشمن عناصر پر نظر رکھنے کے لیے سادہ لباس میں بھی اہلکار موجود تھے۔ڈی ایم، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)، سٹی ایس پی، صدر ایس ڈی پی او سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے دن بھر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔شام ڈھلتے ہی قلعہ گھاٹ میں ملان پروگرام کا آغاز ہوا، جہاں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے اکھاڑوں نے شرکت کی۔ قلعہ گھاٹ جانے والی سڑکوں پر عوام کا بڑا ہجوم دیکھنے کو ملا۔ اس موقع پر مختلف سماجی تنظیموں اور رضاکاروں کی جانب سے کھلاڑیوں اور شرکاء کے لیے پینے کے پانی، شربت اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا گیا۔ دربھنگہ ضلع محرم کمیٹی کی جانب سے ابتدائی طبی امداد کے خصوصی کیمپ بھی قائم کیے گئے تھے۔دربھنگہ ضلع محرم کمیٹی اور قلعہ گھاٹ کمیٹی کے زیر اہتمام کھلاڑیوں نے مختلف مقامات پر اپنے فن کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ ملان پروگرام میں ضلع بھر کے مختلف اکھاڑوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس کے باعث قلعہ گھاٹ اور اطراف کے علاقوں میں کافی بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے تعینات پولیس اہلکار مسلسل عوام کی رہنمائی کرتے رہے۔ دسویں محرم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے میں ضلعی انتظامیہ، ضلعی امن کمیٹی، محرم کمیٹیوں اور رضاکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔ کنٹرول روم سے مسلسل نگرانی کی جا رہی تھی جبکہ اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی جلوسوں اور اجتماعات پر نظر رکھے ہوئے تھے۔اس دوران ڈرون کیمروں، سی سی ٹی وی اور ویڈیو گرافی کے ذریعے مسلسل نگرانی کی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے عوام سے بار بار اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہ پر دھیان نہ دیں اور امن و بھائی چارے کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔ خوش آئند بات یہ رہی کہ عوام نے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں دربھنگہ اور اطراف میں محرم کا تہوار مکمل طور پر پرامن اور خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
ضلعی انتظامیہ اور محرم کمیٹیوں نے امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کرنے والے تمام شہریوں، رضاکاروں اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

