تاثیر 27 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
تھانے، 27 جون:مہاراشٹر ٹیچر اہلیت امتحان (مہا ٹی ای ٹی) کا پرچہ بھیونڈی میں لیک ہونے کا انکشاف ہونے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر اتوار 28 جون کو ہونے والا امتحان مہاراشٹر ریاستی امتحان کونسل نے فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ کونسل نے بتایا ہے کہ امتحان کی نئی تاریخ اور دیگر تازہ معلومات اس کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔
ریاست میں مسابقتی اور اہلیتی امتحانات کے پرچے لیک ہونے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ اس سے قبل نیٹ امتحان کا پرچہ بھی لیک ہوا تھا، جس کے سلسلے میں مجموعی طور پر 13 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جن میں 9 کا تعلق مہاراشٹر سے تھا۔ اس واقعے کو ابھی ایک ماہ بھی نہیں گزرا تھا کہ اب ٹی ای ٹی امتحان کا پرچہ لیک ہونے کی اطلاع سامنے آ گئی۔ اتوار کو ریاست بھر کے 1028 مراکز پر ٹی ای ٹی امتحان منعقد ہونا تھا، جس کے لیے 4 لاکھ 28 ہزار 122 امیدواروں نے اندراج کرایا تھا، جن میں سب سے زیادہ 45 ہزار 562 امیدوار پونے سے تھے۔ ایک اور اہم امتحان کا پرچہ لیک ہونے پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مہاراشٹر ریاستی امتحان کونسل نے کہا کہ امتحان کو محفوظ اور شفاف ماحول میں منعقد کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔ تاہم 27 جون 2026 کی علی الصبح موصول ہونے والی خفیہ اطلاع کے مطابق بھیونڈی میں بعض افراد کے پاس ٹی ای ٹی امتحان کے سوالنامے سے متعلق معلومات ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی بھیونڈی پولیس نے متعلقہ مقام پر چھاپہ مار کر تلاشی لی، جبکہ امتحان کونسل کے افسران کو بھی فوری طور پر موقع پر طلب کر کے جانچ کی گئی۔ تفتیش کے دوران مشتبہ افراد کے قبضے سے ملنے والے بعض سوالات، جون 2026 کے ٹی ای ٹی سوالنامے کے سوالات سے مطابقت رکھتے پائے گئے۔ اس معاملے میں بھیونڈی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

