تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،28جون:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رکھی تو واشنگٹن دوبارہ فوجی کارروائی شروع کر سکتا ہے۔ٹرمپ نے اتوار کی صبح اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اگر امریکا کو دوبارہ فوجی آپشن اختیار کرنا پڑا تو ایران کا وجود مٹ جائے گا،اس کے اقدامات واشنگٹن کو دانشمندانہ طرزِ عمل ترک کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ایک اور پوسٹ میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی طیاروں نے جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی پر ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ گاہوں کے ساتھ ساتھ ساحلی ریڈار تنصیبات پر فضائی حملے کیے۔ بہت ممکن ہے کہ وہ کبھی سبق نہ سیکھیں۔ٹرمپ نے مزید خبردار کیا کہ اگر امریکا نے کشیدگی بڑھانے کا فیصلہ کیا تو ایران باقی نہیں رہے گا۔ ایک وقت ایسا بھی آ سکتا ہے جب ہم مزید تحمل اور معقولیت کا مظاہرہ نہ کر سکیں اور ہمیں وہ مشن فوجی طاقت کے ذریعے مکمل کرنا پڑے جس کا ہم نے کامیاب آغاز کیا تھا۔ اگر ایسا ہوا تو ایران قائم نہیں رہے گا۔اس سے قبل امریکی فوج نے کہا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنائے جانے کے چند گھنٹوں بعد ایران پر دوبارہ حملے کیے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان عارضی امن معاہدے کے بعد اب تک کی شدید ترین کشیدگی قرار دی جا رہی ہے۔دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے، جس پر تقریباً دو ہفتے قبل چار ماہ سے جاری تنازع ختم کرنے کے لیے اتفاق کیا گیا تھا۔

