شام کا اپنی سرزمین پر اسرائیلی حملے روکنے کیلئے عالمی کارروائی کا مطالبہ

تاثیر 29 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دمشق،29جون:شام کی وزارتِ خارجہ نے جنوبی علاقوں القنیطرہ اور درعا میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔وزارت کے مطابق آج پیر کے روز جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی گولہ باری نے عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلایا ہے اور یہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں، ساتھ ہی 1974 کے انخلاء معاہدے (Disengagement Agreement) کی بھی خلاف ورزی کرتی ہیں۔شام نے خبردار کیا کہ اس طرح کی کارروائیاں خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہیں۔