تاثیر 29 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 29 جون: کانگریس نے آپریشن سندور میں شہید ہونے والے 6 فوجیوں کے نام 13 ماہ بعد عوام کے سامنے لانے پر مرکزی حکومت اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے سابق فوجی شعبے کے صدر کرنل (ریٹائرڈ) روہت چودھری نے الزام لگایا کہ وزیر دفاع نے پارلیمنٹ میں غلط معلومات فراہم کیں اور شہداء کو نظر انداز کیا۔
کرنل روہت چودھری نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ آپریشن سندور میں کسی بھی فوجی کا جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ بعد میں حکومت نے شہید فوجیوں کے نام جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے نام منظرعام پر آنے میں 13 ماہ کی تاخیر ہوئی، جو قومی سلامتی کے ساتھ سنگین لاپروائی کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیر دفاع کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کی تحریک بھی پیش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور برسر اقتدار جماعت کے ارکان پارلیمنٹ کو اس معاملے پر معافی مانگنی چاہیے۔

