تاثیر 1 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، یکم جولائی:راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے بدھ کے روز پٹنہ میں ریاستی دفترمیں اپنا 29 واں یوم تاسیس جوش وخروش کے ساتھ منایا۔ پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی صدرلالو پرساد یادو نے تنظیمی اتحاد پرزوردیا اورکہا کہ آرجے ڈی ہمیشہ غریبوں، محروموں، پسماندہ اور سماج کے نچلے طبقات کی آواز بن کر کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بوتھ سطح پر تنظیم کو مضبوط کریں اور پارٹی کی پالیسیوں اور نظریات کو وسیع پیمانے پر پھیلانے کے لیے عوام تک پہنچیں۔ اپنے خطاب میں لالو پرساد یادو نے کہا کہ آر جے ڈی نے ہر دور میں چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور جدوجہد کے ذریعے اپنی الگ شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے اصولوں اور سماجی انصاف کے نظریہ پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی کا مقصد سماج کے کمزور اور محروم طبقوں کے حقوق کی حفاظت کرنا اور ان کے مفادات کے لیے مسلسل لڑنا ہے۔

