تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف (دانش) راجگیر پولیس نے سائبر فراڈ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 6 سائبر ٹھگوں کو گرفتار کیا ہے۔ جمعہ کے روز راجگیر کے ڈی ایس پی سنجیت کمار گپتا نے پریس کانفرنس میں اس کی تفصیلات بتائیں۔انہوں نے بتایا کہ 2 جون کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر نالندہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر کارروائی کی گئی۔ راجگیر کے سب ڈویژنل پولیس افسر (ڈی ایس پی) کی قیادت میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے کتری سرائے تھانہ علاقے کے بریٹھ گاؤں میں منشی ندی کے جنوبی کنارے واقع ایک باغ میں چھاپہ مار کر سائبر ٹھگوں کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ایک منظم گروہ کی شکل میں کام کر رہے تھے اور مختلف آن لائن ذرائع سے عام لوگوں کو دھوکہ دے کر رقم ہتھیاتے تھے۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، موبائل کالز اور دیگر آن لائن ذرائع کے ذریعے لوگوں کو قرض (لون) اور لاٹری کا لالچ دے کر سائبر فراڈ کرتے تھے۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے سائبر جرائم میں استعمال ہونے والے آلات،10 اسمارٹ فون اور تین صفحات پر مشتمل ایک آرڈر شیٹ برآمد کی ہے، جس میں مختلف افراد کے نام، موبائل نمبر اور لون سے متعلق تفصیلات درج تھیں۔گرفتار افراد میں بریٹھ گاؤں کے رہائشی جتیندر کمار اور راہل پاسوان، باراندی کے گوری کمار اور بالچند بگہا کے سچن کمار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دو قانون سے متصادم کم عمر لڑکوں (نابالغوں) کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف کتری سرائے تھانے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

