سوشل میڈیا پر غیر قانونی اسلحے کی نمائش کرنے والا شخص گرفتار، ٹاپ 10 میں شامل پانچ ہزار کا انعامی مجرم چھوٹو یادو بھی گرفتار

تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نوگچھیا (منہاج عالم)پولیس ضلع نوگچھیا کے ایس پی ویبھو شرما کے نوٹس میں ایک ویڈیو آئی جس میں ایک شخص دیارا علاقے میں سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحے کی نمائش کر رہا تھا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایس پی کی ہدایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔جانچ کے دوران اسلحے کی نمائش کرنے والے شخص کی شناخت انیل کمار (ساکن تِن ٹنگا کراری، تھانہ گوپال پور) کے طور پر ہوئی۔ گوپال پور پولیس نے چھاپہ مار کر انیل کمار کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے ایک دیسی کٹا (تمانچہ) اور چار زندہ کارتوس برآمد کیے۔ا سی دوران، پولیس کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے تِن ٹنگا کراری کے ہی رہائشی سمیت کمار کو بھی گرفتار کیا، جس کے پاس سے ایک دیسی کٹا اور سات زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔دوسری جانب، نوگچھیا پولیس نے ٹاپ 10 مجرموں کی فہرست میں شامل 5,000 روپے کے انعامی اور بدنام زمانہ مجرم سنتوش کمار یادو عرف چھوٹو یادو کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس مجرم کے خلاف لوٹ مار اور آرمز ایکٹ کے مقدمات درج ہیں۔نوگچھیا ایس پی ویبھو شرما کی ہدایت پر ٹیم تشکیل دے کر اس کی نگرانی کی جا رہی تھی اور گرفتاری کے لیے متعلقہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے تھے۔ پولیس نے تکنیکی تحقیقات اور انسانی اطلاعات کی بنیاد پر ایس ٹی ایف  کے تعاون سے چھوٹو یادو کو گرفتار کیا۔ ایس پی نوگچھیا نے بتایا کہ سنتوش کمار یادو کا مجرمانہ ریکارڈ رہا ہے اور اس کے خلاف پربتا تھانے میں مختلف دفعات کے تحت تین مقدمات درج ہیں۔ایس پی نوگچھیا نے عام عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور اسلحے کی نمائش کرنے سے سخت گریز کریں۔