تاثیر 15 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 15 جولائی:کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت پر اقتصادی پالیسیوں کو لاگو کرنے میں ناکامی اور مہنگائی کی مسلسل بڑھتی ہوئی شرح سے ملک کو شدید اقتصادی بحران میں دھکیلنے کا الزام لگایا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ جب معیشت کے تمام بنیادی رجحانات “ریڈ الرٹ” پر ہیں، حکومت عوام کی توجہ ہٹانے اور ڈیٹا چھپانے میں مصروف ہے۔
بدھ کو شائع ہونے والے ایک اخباری مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے، پارٹی کے جنرل سکریٹری (مواصلات)، جے رام رمیش نے لکھا کہ 44 مہینوں میں بدترین تھوک مہنگائی (9.87فیصد) رہی ہے، ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں 27.4 فیصد اضافہ ہوا ہے اور بوائی تین سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ عام عوام مہنگائی اور بیروزگاری کا شکار ہے جبکہ کسان حکومتی پالیسیوں اور خراب موسم کی دوہری مارکا شکار ہیں۔

