تاثیر 16 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
چنئی، 16 جولائی:تمل ناڈو ویتری کزگم (ٹی وی کے ) حکومت کی دوسری کابینہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ وجے نے وزرا کوبدعنوانی اور نظم و ضبط کے معاملے پرسخت پیغام دیا ۔ انہوں نے جمعرات کو سکریٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگرکسی وزیر پر سنگین رشوت یا بدعنوانی کے الزام سامنے آتے ہیں تو اسے فوری طور پر کابینہ سے ہٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت میں کسی بھی سطح پر بے ضابطگی یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ وجے نے کہا کہ ان کی حکومت مکمل طور پر شفاف، جوابدہ اور عوامی مفاد کے لیے وقف ہوگی۔ انہوں نے وزرا سے کہا کہ اگر کسی محکمے میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی یا بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ وزیر ذمہ دار ہوں گے اور بلا تفریق فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارروائی کرتے وقت یہ نہیں دیکھا جائے گا کہ متعلقہ شخص طویل عرصے سے پارٹی سے وابستہ ہے یا کسی اور پارٹی سے آیا ہے۔
اجلاس کے دوران، وزیراعلیٰ نے وزرا اور پارٹی عہدیداروں کوسرکاری دفاتر اورا سکولوں میںمعائنے کے نام پر غیر ضروری مداخلت سے بھی گریز کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کی تعلیم میں خلل ڈالنا مناسب نہیں ہے، خاص طور پر اسکول کے اوقات میں سرکاری اسکولوں کا دورہ کرنا۔ انہوں نے اسکول کے معائنے کے دوران ویڈیو بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے رجحان پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

