تاثیر 17 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
شاملی، 17 جولائی :وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو شاملی ضلع کا دورہ کیا۔ انہوں نے 581 کروڑ روپے کے 89 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے سماج وادی پارٹی اور کانگریس پارٹی کو جناح کی پرستار پارٹیاں قرار دیا۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 2017 سے پہلے سونے والوں کی حکومت تھی۔ وہ ہمیشہ سوئے رہتے تھے۔ ڈیموگرافکس کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ کانوڑ یاترا میں رکاوٹیں ڈالی جارہی تھیں۔ کرشن جنم اشٹمی منانا منع تھا۔ اب اتر پردیش بدل گیا ہے۔ شاملی ضلع کو گنے کی گنے کی مٹھاس ہے۔ دس سال پہلے شاملی لوگوں کے لیے ایک تجسس کا موضوع تھا۔ لوگ تلاش کرتے تھے کہ شاملی ضلع کہاں ہے، جہاں اتنازیادہ دہشت پھیلی ہوئی ہے۔ لوگ ہجرت کرنے پر مجبور تھے۔ کھلی غنڈہ گردی ہوتی تھی۔ کوئی بھی محفوظ نہیں تھا۔ ایک شرارت کے تحت ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کی سازشیں کی جا رہی تھیں۔ ترقیاتی کام ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ نوجوان مایوس تھے، کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ بہن بیٹیاں گھر سے نکلنے سے ڈرتی تھیں۔ صنعتیں تباہ ہو چکی تھیں۔ آج جب میں کیرانہ اور شاملی کو دیکھتا ہوں تو میرا دل خوشی سے بھر جاتا ہے۔ جس طرح پریاگ راج ماں گنگا، جمنا اور سرسوتی کے سنگم کے لیے جانا جاتا تھا، اسی طرح مغربی اتر پردیش میں ہمارا شاملی اب دہلی-دہرا دون ایکسپریس وے، شاملی-امبالا ایکسپریس وے، اور گورکھپور-شاملی ایکسپریس وے کا سنگم بن چکا ہے۔ یہ بنیادی ڈھانچہ مستقبل میں ہماری شاملی کو این سی آر کے سب سے خوشحال اضلاع میں شامل کرے گا۔

