ایک شام شہیدوں کے نام پروگرام میں شہداء کیلئے چندہ جمع کرنے کی ایس ڈی ایم نے کی اپیل

تاثیر 19 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

          سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام ​​کے ملٹی پرپس ہال میں ‘ایک شام شہیدوں کے نام’ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس سرکاری تقریب میں سرکاری افسران، ملازمین اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی ۔ تقریب کے دوران سہسرام ​​کی ایس ڈی ایم ڈاکٹر نیہا کماری نے میڈیا کو بتایا کہ اس کا بنیادی مقصد ملک کے شہیدوں اور ان کے خاندانوں کی مدد کیلئے رضاکارانہ ذرائع سے فنڈس اکٹھا کرنا تھا ۔ جمع شدہ رقوم کو ڈائریکٹوریٹ آف سینک ویلفیئر میں جمع کرایا جائیگا ۔ یہ فنڈ شہداء کے خاندانوں کو وظائف، بنیادی سہولیات اور گرانٹ فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ ایس ڈی ایم ڈاکٹر نیہا کماری نے بتایا کہ یہ رقم ایک ماہ میں اکٹھی کی جائیگی اور بینک ڈرافٹ کے ذریعہ ڈائریکٹوریٹ آف سینک ویلفیئر کو بھیجی جائیگی ۔ انھوں نے واضح کیا کہ اس تقریب کے انعقاد کے لئے حکومت کے پاس کوئی فنڈس نہیں ہیں ۔ بلاک سطح کے عہدیداروں اور ملازمین نے رضاکارانہ طور پر اپنا حصہ ڈال کر اسے کامیاب بنایا ۔ ڈاکٹر نیہا کماری نے سول سوسائٹی اور عوام الناس سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “میں سہسرام ​​سب ڈویژن کے شہریوں سے اگلے ایک ماہ تک رضاکارانہ طور پر اس نیک مقصد میں اپنا حصہ ڈالنے کی توقع رکھتی ہوں، تاکہ لواحقین شہداء کی فلاح و بہبود کے لئے باعزت رقم بھیجی جا سکے اور سب ڈویژن کا نام روشن کیا جا سکے ۔”