اندور کو بڑی سوغات، ایم پی کے پہلے ڈبل لیئر فلائی اوور برج کے ایک بازو کا افتتاح

تاثیر 23 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 23 جولائی: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے جمعرات کے روز اندور میں بڑی سوغات دیتے ہوئے مدھیہ پردیش کے پہلے ڈبل لیئر فلائی اوور برج کے ایک بازو (شاخ) کا افتتاح کیا۔ انہوں نے لو کش چوراہے پر 175 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ اس برج کو جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ انجینئرنگ کی بہترین مثال قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اندور اور ترقی ایک دوسرے کا مترادف ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک اور ریاست میں ہمہ جہت ترقی ہو رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ سنہستھ-2028 کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ فلائی اوور اندور-اجین راستے پر بڑھتے ٹریفک کی ہموار آمد و رفت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس سے سفر کے وقت میں کمی، ایندھن کی بچت، ٹریفک جام سے راحت نیز شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ آمد و رفت کی سہولت حاصل ہوگی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ منصوبہ ترقی یافتہ اندور اور ترقی یافتہ مدھیہ پردیش کے عزم کو شرمندہ? تعبیر کرنے کی سمت میں ایک اہم بنیادی ڈھانچے سے متعلق کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں یہ شہر کی ترقی اور جدید شہری ترقی کی نئی پہچان بنے گا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ 175 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ پروجیکٹ جدید بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔