تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گوہاٹی، 25 جولائی: مرکزی حکومت نے بالائی آسام میں آنے والے شدید سیلاب کو انتہائی ترجیح دیتے ہوئے راحت، بچاؤ، بازآبادکاری اور طویل مدتی تعمیر نو کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے ہفتہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے بعد یہ جانکاری دی۔
وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے خود فون کر کے ریاست میں سیلاب کی صورتحال کی تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ اس دوران وزیر اعظم نے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت ہر مرحلے پر آسام حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور راحت، بچاؤ، بازآبادکاری اور تعمیر نو کے کاموں کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
ہیمنت بسوا سرما نے وزیر اعظم کو ریاستی حکومت کی جانب سے جاری راحت اور بچاؤ مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں تک امداد پہنچانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات، امدادی کارروائیوں کی پیش رفت اور متاثرہ علاقوں میں درپیش مشکلات کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ اس دوران مرکزی حکومت کی ایک بین وزارتی ٹیم آج آسام پہنچ رہی ہے۔ یہ ٹیم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا زمینی معائنہ کر کے نقصانات کا جائزہ لے گی، جس کی رپورٹ کی بنیاد پر اضافی مرکزی امداد، بازآبادکاری اور تعمیر نو سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق اس ٹیم کی رپورٹ فوری امدادی مرحلے کے بعد دی جانے والی جامع مرکزی مدد کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گی۔

