تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 26 جولائی: اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے اتوار کے روز لکھنؤ کے نیشنل پی جی کالج کے آڈیٹوریم میں ’وزیر اعلیٰ اساتذہ کیش لیس طبی سہولت اسکیم‘ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتر پردیش حکومت تعلیم اور صحت، دونوں شعبوں کو یکساں اہمیت دیتی ہے اور اساتذہ کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔برجیش پاٹھک نے کہا کہ ’وزیر اعلیٰ اساتذہ کیش لیس طبی سہولت اسکیم‘ محکمہ اعلیٰ تعلیم سے وابستہ اساتذہ اور ان کے اہل خانہ کی صحت کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کی سمت ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ریاست کے 1.28 لاکھ سے زائد اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور ان کے زیر کفالت اہل خانہ کو ہر سال 5 لاکھ روپے تک کی معیاری اور مکمل طور پر کیش لیس طبی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ اساتذہ کے لیے صحت کے مضبوط تحفظ کا ذریعہ بنے گا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

